English

لاہور: وزیراعلی پنجاب آفس میں دیوالی تقریب کا انعقاد

لاہور۔ دیوالی کے تہوار کی مناسبت سے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی تقریب منعقد کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں مقیم ہندو برداری کے رہنماوں نے شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ہندو اوردیگر اقلیتی برادریوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور انہیں دیوالی کی مبارک باد دی۔ ہندواوردیگر اقلیتی برادریوں کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اجرک کا تحفہ دیاگیا۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے  اس  موقع پر کہا کہ دیوالی پر ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ اقلیتی برادری کے طلباء کو سرکاری تعلیمی اداروں میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک سکالر شپ دیئے جا رہے ہیں۔اقلیتی برادری کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں 2 فیصدکوٹہ مقرر کیا ہے۔اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹے پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔اقلیتی طلباء کیلئے ایجوکیشنل سکالر شپ سکیم میں 50 فیصد سنٹرل پنجاب، 35 فیصد جنوبی پنجاب اور 15 فیصد شمالی پنجاب کے طلباء کو دیئے جا رہے ہیں –

ان کا مزید کہنا تھا کہ میٹرک سے اعلیٰ تعلیم تک 50 فیصد نمبر حاصل کرنے والے ا قلیتی طلباء کو 50 ہزار روپے تک سکالر شپ دے رہے ہیں۔ایک دوسرے کی خوشیوں میں شرکت سے رواداری اور بھائی چارے کو فروغ ملتاہے۔اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کو تعلیم کیلئے مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔اقلیتوں سے بہتر سلوک اور احترام دین اسلام کا خاصا ہے۔

ارکان صوبائی اسمبلی یوڈسٹر چوہان، نوازچانڈیا،عباس علی شاہ،محمد شفیق، ہبکوک رفیق بابو، سیموئل یعقوب، مہندر پال سنگھ، سائرہ رضا، فوزیہ عباس، شاہدہ ملیکہ، نوہیس کھوکھر، آفتاب گل، محمد یاسین،چیئرمین وزیراعلیٰ شکایت سیل زبیر احمدخان، سیکرٹری اقلیتی امور وانسانی حقوق اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top